ہفتہ، 7 مارچ، 2015

شیطان نیک لوگوں کو کیسے ورغلاتا ہے؟

٭شیطان نیک لوگوں کو کیسے ورغلاتا ہے؟٭
"اگر آپ متقی اور دل میں خوف خدا رکھنے والے ہیں تو کسی طرح یہ ممکن نہیں ہے کہ آپ کا نفس آپ کو زنا یا کسی کے قتل پر فورا آمادہ کرے یا جس کے اندر بھی شرافت اور طہارت نفس ہے اس کو چوری یا ڈکیتی پر آمادہ کر دے۔
اسی طرح ابتدائے امر میں یہ بھی ممکن نہیں کہ شیطان تم سے کہے اپنے عقیدہ و عمل میں خدا پر احسان چڑھاؤ یا اپنے آپ کو محبین و مقرّبین میں شمار کو، بلکہ وہ تو شروع میں پست طریقے سے تمہارے دل میں وسوسہ پیدا کرنا شروع کرے گا اور پہلے تم کو مستحبات و وظائف و اذکار کی پابندی پر سختی سے آمادہ کرے گا اور اسی ضمن میں کسی گنہگار کی حالت کو جو تمہارے مناسب حال ہو تمہارے سامنے پیش کرے گا اور تمہارے کان میں کہے گا کہ تم عقل و شرع دونوں اعتبار سے اس گنہگار سے بہتر ہو، اور تمہارے اعمال بحمدللہ تمہاری نجات کا سبب ہیں اور تم پاک و پاکیزہ ہو اور گناہوں سے پاک ہو۔
اس طرح تمہارے ذہن میں یہ بات بٹھا کر اس کو دو فائدے ہوں گے؛
1) خدا کے بندوں سے تمہیں بدبین کر دے گا
2) تمہارے اندر خودپسندی پیدا ہو جائے گی
یہ دونوں صفتیں نہ صرف ہلاک کرنے والی ہیں بلکہ فساد کی جڑ ہیں۔ لہذا تم اپنے نفس اور شیطان سے کہو کہ ہو سکتا ہے اس گنہگار میں کوئی ایسا ملکہ یا کوئی ایسے اعمال ہوں کہ خدا کی رحمت اس کے شامل حال ہو جائے اور اس ملکہ اور عمل کا نور اس کی ہدایت کا سبب بن جائے اور اس کا انجام بخیر ہو جائے۔ نیز یہ بھی ممکن ہے کہ خدا نے اس کو گناہ میں اس لئے مبتلا کر دیا ہو کہ وہ خودپسندی سے، جو گناہ سے بھی بدتر ہے، بچ جائے۔ جیسا کہ کافی کی ایک حدیث میں امام صادق(ع) سے منقول ہے؛
عَنْ أَبِي عَبْدِ اللَّهِ ع قَالَ: إِنَّ اللَّهَ عَلِمَ أَنَّ الذَّنْبَ خَيْرٌ لِلْمُؤْمِنِ مِنَ الْعُجْبِ وَ لَوْ لَا ذَلِكَ مَا ابْتُلِيَ مُؤْمِنٌ بِذَنْبٍ أَبَدا
امام صادق(ع): اللہ کو معلوم ہے کہ مومن کیلئے گناہ خود پسندی سے بہتر ہے، اگر ایسا نہ ہوتا تو مومن ہرگز گناہ میں مبتلا نہ ہوتا۔
اصول کافی: ج2 ص313 کتاب الایمان والکفر
ہمارے شیخ بزرگ و عارف کامل (آیت اللہ) شاہ آبادی (روحی فداہ) فرمایا کرتے تھے: اپنے دل میں کافر کو بھی سرزنش و ملامت نہ کرو، ہو سکتا ہے کہ نور فطرت اس کو ہدایت کر دے اور تمہاری یہ سرزنش و ملامت تمہارے کام کو بدانجام نہ بنا دے۔"
تحریر: حکیم الامّت سید روح اللہ الموسوی الخمینی (نور اللہ مرقدہ)
پیشکش: ابو زین الہاشمی
تحریک تحفظ عقائد شیعہ


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں