بدھ، 5 اپریل، 2017

کیا شرعی طور پر شتر مرغ حلال ہے؟

*شتر مرغ٭
سوال) کیا شرعی طور پر شتر مرغ حلال ہے؟ پرندوں کی پہچان کیسے کی جائے کہ وہ حلال ہیں یا حرام؟
جواب) ہر وہ پرندہ جو شاہین، عقاب، باز اور شکرے کی طرح چیرنے پھاڑنے والا اور پنجے دار ہو حرام ہے اور ظاہر یہ ہے کہ ہر وہ پرندہ جو اڑتے وقت پروں کو مارتا کم اور بے حرکت زیادہ رکھتا ہے نیز پنجنے دار ہے، حرام ہوتا ہے۔ اور ہر وہ پرندہ جو اڑتے وقت پروں کو مارتا زیادہ اور بے حرکت کم رکھتا ہے، وہ حلال ہے، اسی فرق کی بنا پر حرام گوشت پرندوں کو حلال گوشت پرندوں میں سے ان کی پرواز کی کیفیت دیکھ کر پہچانا جاسکتا ہے۔ لیکن اگر کسی پرندے کی پرواز کی کیفیت معلوم نہ ہو تو اگر وہ پرندہ پوٹا، سنگدانہ اور پاوں کی پشت پر کانٹا رکھتا ہو تو وہ حلال ہے اور اگر ان میں سے کوئی ایک علامت بھی موجود نہ ہو تو وہ حرام ہے۔ کوّے کی تمام اقسام حتی کہ زاغ (پہاڑی کوے) سے بھی اجتناب کیا جائے اور جن پرندوں کا ذکر ہوچکا ہے ان کے علاوہ دوسرے تمام پرندے مثلاً مرغ، کبوت اور چڑیاں یہاں تک کہ شتر مرغ اور مور بھی حلال ہیں۔ لیکن بعض پرندوں جسیے ہدہد اور ابابیل کو ذبح کرنا مکروہ ہے۔
پس شترمرغ حلال ہے۔ بہت سے اسلامی ممالک بشمول ایران میں شتر مرغ کی باقاعدہ فارمنگ ہوتی ہے اور اس کا گوشت بکتا ہے۔ پاکستان میں بھی محدود پیمانے پر اس کا گوشت بکنے لگا ہے۔
العبد: جواد


سوال) ہمارے کس امام نے حج نہیں کیا؟ کہتے ہیں کہ امام حسن عسکری(ع) حج کی سعادت انجام نہ دے سکے تھے، یہ بات کس حد تک درست ہے؟

سوال) ہمارے کس امام نے حج نہیں کیا؟ کہتے ہیں کہ امام حسن عسکری(ع) حج کی سعادت انجام نہ دے سکے تھے، یہ بات کس حد تک درست ہے؟
جواب) عوام میں یہ بات مشہور ہے کہ آئمہ ع میں سے صرف امام عسکری(ع) حج انجام نہ دے سکے، بعض ایرانی و عرب امام عسکری ع کی نیابت میں عمرہ اور حج کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن اس دعوی کی کوئی دلیل نہیں ہے۔ درست ہے کہ امام عسکری(ع) کو عباسی خلفاء نے سامراء میں نگرانی میں رکھا تھا لیکن بظاہر آپ قیدی نہیں تھے اور عباسی عمّال بظاہر احترام کے ساتھ پیش آتے تھے۔ امام عسکری ع سے بعض روایتیں بھی ملتی ہیں جو ان کے مکہ میں حضور کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ بالفرض آپ سامراء سے نہیں نکل سکتے تھے تو وہ کسی کو حج کیلئے نائب بھی مقرر کر سکتے تھے، جو ان کی نیابت میں حج ادا کرتا۔
لہذا امام عسکری ع کے حج پر جانے یا نہ جانے کی ہمارے پاس کوئی روایت نہیں، لیکن ایسا بعید لگتا ہے کہ آپ نے حج نہ کیا ہو، قرین قیاس یہ ہے کہ آپ (ع) نے بھی حج کیا ہے۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ
سید جواد حسین رضوی


کیا عورت نبی ہو سکتی ہے؟

٭کیا عورت نبی ہو سکتی ہے؟٭
انبیاء کو ہمیشہ ان افراد میں سے چنا گیا جن کی لوگ بات سنیں اور تسلیم کریں۔ انبیاء کبھی غلاموں میں بھی نہیں آئے تو اس کا مطلب نہیں کہ غلام انسان نہیں، یا اللہ کی نگاہ میں غلام کی حیثیت نہیں۔ عورتیں ہمیشہ سے ایسے معاشروں میں رہی ہیں جہاں ان کی حیثیت ہمیشہ سے مقہور و مجبور رہی ہے۔ اگر عورت نبی بنتی تو لوگ اس کی بالکل نہ سنتے، اس کی باتوں میں وہ اثر نہ ہوتا جو ایک مرد کی بات میں ہوتا۔ وہی شخص چنا جاتا ہے جس کی بات میں اثر ہو۔ رسول اللہ(ص) سمیت اکثر انبیاء بااثر خاندانوں میں پیدا ہوئے۔ اگر غلام یا کمتر افراد نبی بنتے تو ان کو معاشرہ ویسے ہی رد کر دیتا۔ عورتوں کا بھی یہی مسئلہ ہے، کہ عورت اکثر مقہور رہی ہے۔ لہذا مردوں کو ہی نبی بنایا گيا کیونکہ نبوت کا مقصد پیغام خداوندی کا ابلاغ ہے۔ البتہ عقلی لحاظ سے ناممکن نہیں کہ جن معاشروں میں عورت کا مقام ہو وہاں ان کو نبوت بھی ملتی۔
قرآن میں 26 یا 27 پیغمبروں کے نام آئے ہیں، جبکہ حقیقت میں پیغمبروں کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔ بنا بر مشہور ایک لاکھ چوبیس ہزار ہیں، لیکن بعید نہیں کہ تعداد اس سے بھی کہیں زیادہ ہو۔ صرف 26 انبیاء کے نام آنے کا مطلب نہیں کہ باقی انبیاء کا وجود نہیں، گو کہ بعض آيات سے بظاہر لگتا ہے کہ انبیاء صرف مردوں میں آئے، لیکن ان میں خاتون نبی کی نفی بالکل بھی نہیں ہے۔ ذکر نہ ہونے کا مطلب نہیں کہ ان اصناف میں انبیاء کا ہونا ممکن نہیں۔
میں اس امکان کو رد نہیں کرتا کہ خواتین بھی نبی بنی ہوں گی کیونکہ نبوت کا تعلق ولایت سے ہے، اور ولایت کا تعلق کامل انسان ہونے سے ہے، جب عورت بھی مردوں کی طرح کامل انسان بن سکتی ہے تو نبوت و وحی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ قرآن میں مریم اور موسی(ع) کی بہنوں پر وحی کا ذکر ہے، جو اس بات کی غمّاز ہے کہ وحی کے سلسلے میں مرد اور عورت میں فرق نہیں۔ ہاں البتہ نبوت کے وہ مناصب جس میں رہبری اور قتال و جہاد لازمی ہے، یقینا عورت نبیہ ان سے مستثنی ہوگی۔
یہودیوں کی مقدس کتاب تالمود میں بنی اسرائیل کی سات خاتون انبیاء کا ذکر ہے، بائبل کی کتاب لوقا میں بھی غالبا حضرت عیسی ع کی ولادت کے وقت بعض خاتون انبیاء کا ذکر ہے۔ ان میں جناب مریم کا بھی ذکر کیا جاتا ہے۔ اور قرآن میں جناب مریم کی عظمت کو دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اس جیسی عظمت تو شاید کسی مرد نبی کو بھی حاصل نہیں ہوئی۔ بلکہ قرآن کے لحن سے معلوم ہوتا ہے کہ جناب مریم ع نبی سے کم بھی نہیں تھیں، اور نبوت بمعنی حقائق کو درک کرنا اور دیگر لوگوں تک ابلاغ کرنا عین ممکن ہے
آیت اللہ جوادی آملی نے "زن در آینہ جلال و جمال" میں اس امکان کو رد نہیں کیا کہ عورت بھی نبیہ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے نبوت کی دو اقسام بیان کی ہیں، نبوت انبائی و نبوت اجرائی۔ ان کے مطابق نبوت انبائی عورت کو مل سکتی ہے۔
اہلسنت علماء میں قرطبی اور ابن حزم نے خواتین میں بھی نبوت کو قبول کیا، ان کے نزدیک حضرت حوّا، سارہ، حضرت موسی کی والدہ، ہاجرہ، مریم اور آسیہ نبیہ تھیں۔ اس قول کی نسبت ابوالحسن اشعری کی طرف بھی دی جاتی ہے۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ
سید جواد حسین رضوی


شیطان کو مہلت

٭شیطان کو مہلت٭
سوال) اللہ تعالی نے شیطان کو کب تک مہلت دی ہے؟ کیا یہ درست ہے کہ اللہ نے قیامت تک کیلئے مہلت نہیں دی؟
جواب) سورہ حجر کی آیات 33 الی 37 میں ارشاد ہوتا ہے؛
قَالَ لَمْ أَكُن لِّأَسْجُدَ لِبَشَرٍ خَلَقْتَهُ مِن صَلْصَالٍ مِّنْ حَمَإٍ مَّسْنُونٍ
کہا: میں ایسے بشر کو سجدہ کرنے کا نہیں ہوں جسے تو نے سڑے ہوئے گارے سے تیار شدہ خشک مٹی سے پیدا کیا ہے
قَالَ فَاخْرُجْ مِنْهَا فَإِنَّكَ رَجِيمٌ
اللہ نے فرمایا: نکل جا! اس مقام سے کیونکہ تو مردود ہو چکا ہے
وَإِنَّ عَلَيْكَ اللَّعْنَةَ إِلَى يَوْمِ الدِّينِ
اور تجھ پر تاروز قیامت لعنت ہو گئی.
قَالَ رَبِّ فَأَنظِرْنِي إِلَى يَوْمِ يُبْعَثُونَ
کہا : پروردگارا! پھر مجھے لوگوں کے اٹھائے جانے کے دن (قیامت) تک مہلت دے دے
قَالَ فَإِنَّكَ مِنَ الْمُنظَرِينَ
فرمایا: تومہلت ملنے والوں میں سے ہے
إِلَى يَومِ الْوَقْتِ الْمَعْلُومِ
معین وقت کے دن تک
آیات کے سیاق و سباق سے معلوم ہوتا ہے کہ شیطان اللہ تعالی سے قیامت کے دن تک مہلت مانگ رہا ہے، لیکن اللہ اس کو ایک معین وقت تک مہلت دے رہا ہے۔ یہاں اہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ معین وقت سے مراد کیا ہے؟ کیا وہی قیامت کا دن مراد ہے یا پھر کوئی اور معین وقت ہے؟
علامہ طباطبائی اور آیت اللہ مکارم شیرازی دونوں فرماتے ہیں کہ آيت کے ظاہر سے معلوم ہوتا ہے کہ ابلیس کی بات اس حد تک قبول کی گئی کہ اس کو مہلت مل گئی، لیکن وقت کے معاملے میں اس کی اجابت نہیں کی گئی، یعنی قیامت تک کے لئے مہلت نہیں بلکہ اس سے قبل تک کے لئے۔ ان مفسرین کے حساب سے "یوم وقت معلوم" قیامت کے علاوہ کوئی وقت ہے جو غالبا قیامت سے پہلے وقوع پذیر ہوگا۔
اس سلسلے میں مفسرین نے تین احتمالات کا ذکر کیا ہے؛
1) شیطان نے یوم حشر تک کی مہلت مانگی یعنی جب لوگ محشور کئے جائیں گے۔ لیکن اللہ نے اتنی مہلت نہ دی، البتہ اس کو دنیا کے اختتام تک کی مہلت ہے۔ یعنی جب سورج چاند بجھ جائیں گے اور کائنات درہم برہم ہو جائے گا۔ بظاہر یہ رائے کسی حد تک درست معلوم ہوتی ہے۔
2) بعض مفسرین نے احتمال ظاہر کیا ہے کہ شیطان کو اسرافیل کے صور پھونکنے تک مہلت دی ہے۔ اسرافیل دو دفعہ صور پھونکے گا، پہلی دفعہ دنیا بھر کے تمام موجودات مر جائیں گے، اور دوسری دفعہ تمام موجودات پھر سے زندہ ہوں گے۔ بظاہر یہ رائے کسی حد تک پہلی رائے سے قریب ہے۔
3) بعض روایات میں ہے کہ امام زمانہ عج کے ظہور تک شیطان کو مہلت دی گئی ہے۔ بعض روایات کے مطابق اللہ تعالی ملک الموت کو حکم دے گا کہ شیطان کی روح قبض کرے۔ تفسیر برھان اور تفسیر نور الثقلین میں اس مضمون کی روایات ہیں۔ البتہ یہ روایات ضعیف ہیں۔
4) کچھ روایات کے مطابق ظہور کے بعد خود امام زمانہ (عج) شیطان ملعون کو قتل کریں گے۔ یہ روایات بھی ضعیف ہیں۔ کچھ کے مطابق ابلیس کو زمانۂ رجعت میں قتل کیا جائے گا، لیکن یہ روایات پہلے طبقے سے زیادہ ناقابل اعتبار ہیں، سند کا اشکال اپنی جگہ، نیز گناہ و جزا کا تصور تو ظہور کے بعد بھی تا روز قیامت رہے گا۔
ان تمام آراء کو پڑھنے کے بعد معلوم یہی ہوتا ہے کہ شیطان کو مہلت دنیا کے اختتام تک دی گئی ہے۔ جس وقت صور اسرافیل پھونکا جائے گا اور تمام موجودات مر جائیں گے، شیطان بھی نیست و نابود ہو جائے گا۔ کیونکہ یہ ایک مسلّمہ حقیقت ہے کہ شیطان بھی ایک جن ہے، اور اس کے اعوان و انصار اور ساتھیوں میں جنات ہی ہیں، اور یہ سب شیاطین ہیں۔ تمام جن و انس حضرت اسرافیل کے صور پھونکنے پر مر جائیں گے، لہذا فقط ایک شیطان کی ہم بات نہیں کر سکتے بلکہ ہمیں شیاطین کی بات کرنی چاھئے جو سب کے سب جنات ہی ہیں۔
اور اگر ہم "یوم وقت معلوم" کو یوم حشر بھی مان لیں تو حرج نہیں کیونکہ یہ سب ایک ساتھ ہی ہوگا۔ پہلے قیامت آئے گی اور اس کے بعد حشر کا میدان ہو گا۔ چونکہ یہ ہمزمان ہیں اس لئے دونوں کو ایک وقت تصور کیا جا سکتا ہے۔ اور جب ہم خود قرآن سے "وقت معلوم" جاننا چاہتے ہیں تو اس بات کا جواب ہمیں قرآن ہی دے رہا ہے، جیسا کہ ارشاد باری تعالی ہے؛
قُلْ اِنَّ الاَوَّلینَ وَ الآخِرینَ لَمَجْمُوعُونَ اِلى میقاتِ یَوْم مَعْلُوم
کہدیجئے: اگلے اور پچھلے یقینا سب، ایک مقررہ دن مقررہ وقت پرجمع کیے جائیں گے (سورہ واقعہ: 49 و 50)
پس قرآن سے ہی ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ یوم معلوم سے مراد قیامت کا دن ہے۔ لہذا پہلی اور دوسری رائے درست ہے، جس طرح بھی اس کو مانیں مفہوم ادا ہو جائے گا۔ البتہ باقی آراء ضعیف اخبار احاد پر مشتمل ہیں جن پر واضح قرآنی آیت کے مقابلے میں اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔
خاکسار: سید جواد حسین رضوی


یسوع مسیح کی معجزاتی تصویر

٭یسوع مسیح کی معجزاتی تصویر٭
عرصۂ دراز سے مسیحی برادران حضرت عیسی مسیح(ع) کے بارے میں مشتاق رہے ہیں کہ بشری لباس میں آنجناب کیسے دکھتے تھے۔ بدقسمتی سے بائبل میں کہیں پر بھی ان کے حلیے کا دقیق تذکرہ نہیں ملتا۔ اس اشتیاق کی جڑیں قدیم ایام سے جا ملتی ہے۔ مسیحیت کی پیدائش مشرق وسطی میں ہوئی، اور وہیں سے ارتقائی منازل طے کر کے دنیا کے مختلف خطوں بالخصوص یورپ میں پہنچی۔ ابتدائی عیسائیوں کا تعلق موجودہ زمانے کے شام و عراق و فلسطین وغیرہ سے تھا۔
اسی سرزمین سے حضرت عیسی(ع) کی ایک دلچسپ معجزاتی تصویر کی کہانی شروع ہوتی ہے۔ شام میں ایک سلطنت ادیسہ کے نام سے تھی جس کا دارالحکومت ادیسہ کے ہی نام سے موجودہ شام کے بارڈر کے قریب ترکی میں ہے۔ آجکل اس شہر کا نام "ارفا" ہے۔ یہاں کے باسیوں کی زبان آرامی تھی، جو اس زمانے میں مشرق وسطی میں رائج زبان تھی۔ ان کے لہجے کو سیریائی کہا جاتا ہے۔ غالبا انہی کی وجہ سے آج ملک شام کا نام سوریا بھی ہے۔
یسوع مسیج کی معجزاتی تصویر کی کہانی اسی شہر سے شروع ہوتی ہے۔ کہتے ہیں کہ اس ملک پر حضرت عیسی (ع) کے زمانے میں ابگار *Abgar* نامی بادشاہ حکومت کرتا تھا۔ یہ بادشاہ شدید بیمار ہوا، ابگار کو اطلاع ملی کہ یسوع مسیح لوگوں کو شفایاب کر دیتا ہے۔ اس نے اپنے کچھ خاص مصاحبوں کو یروشلم بھیجا تاکہ حضرت عیسی سے ادیسہ آنے کی درخواست کریں، بادشاہ کو شفایاب کریں اور لوگوں کو مسیحیت کی تبلیغ کریں۔ جب یہ وفد حضرت عیسی ع کے پاس پہنچا اور ان تک درخواست پہنچائی تو آپ نے ادیسہ جانے سے انکار کیا اور کہا کہ ان کیلئے بنی نوع انسان کے گناہوں کا کفارہ ادا کرنے کی ذمہ داری ہے، لیکن وعدہ کیا کہ جلد وہ خود یا ان کے حواریوں میں سے کسی کو ادیسہ بھیجیں گے۔
تاریخ میں یہ واقعہ سب سے پہلے چوتھی صدی عیسوی میں ریکارڈ ہوا۔ قیصیریہ کے بشپ یوسبیس *Eusebius* نے چرچ کی تاریخ مرتب کی جس میں پہلی صدی سے لے کر چوتھی صدی تک مسیحیت کی تاریخ تھی۔ یہ تاریخی کتاب اب بھی مخطوطات کی شکل میں موجود ہے۔ اس کتاب میں مؤلف نے ادیسہ کے بادشاہ ابگار کے خط کا ذکر کیا ہے۔ لیکن اس میں کسی بھی تصویر کا ذکر نہیں ہے۔
اس کے بعد پانچویں صدی عیسوی کے بالکل ابتدا میں ہمیں ایک اور شامی عیسائی تحریر میں ابگار کی کہانی تفصیل سے ملتی ہے۔ لیکن اس دفعہ کہانی میں یہ اضافہ ہوتا ہے کہ بادشاہ ابگار نے اپنے شاہی پینٹر کو وفد کے ساتھ بھیجا جس نے یروشلم میں حضرت عیسی کی تصویر بنائی اور یہ تصویر اپنے ساتھ واپس ادیسہ لے آیا۔ ہانچویں صدی عیسوی کی اس تحریر میں ایک ایسی تصویر کا ذکر ہے جس کو دیکھ کر لوگوں کو دلی سکون ہوتا ہے۔ یہ تصویر اتنی کرامتی تصور کی گئی کہ اس نے کئی دفعہ ادیسہ شہر کو ایرانیوں کے حملوں سے بچایا جو اس وقت آتش پرست یعنی زرتشتی تھے۔
اس تصویر کی کہانی میں مزید اضافہ دیکھنے کو ملا جب کچھ عرصے بعد یہ باور کیا جانے لگا کہ حضرت یسوع مسیح چونکہ خدا کے بیٹے ہیں (مسیحیوں کے عقیدے کے مطابق)، لہذا ان کے چہرے کو کوئی عام انسان نہیں بنا سکتا۔ اس کہانی میں اضافہ یہ ہوا کہ جب شاہی پینٹر نے حضرت عیسی کی تصویر بنانی چاھی تو حضرت عیسی ع کا عجیب نور مانع ہوا اور وہ کوشش کے باوجود تصویر بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔ جب حضرت عیسی نے یہ صورتحال دیکھی تو اس سے کپڑا لے لیا اور اپنے چہرے پر مل لیا، جس سے ان کے چہرہ اقدس کی چھاپ کپڑے پر آگئی۔ وفد یہ تصویر لے کر بادشاہ کے پاس واپس آیا جس نے بہت عزت و احترام کے ساتھ اس تصویر کا استقبال کیا اور بہت ہی عالیشان جگہ پر رکھا۔ یہ کرامتی تصویر اتنی مشہور تھی کہ لوگ یسوع مسیح کی تصویر دیکھ کر ہی شفایاب ہو جاتے تھے۔ یسوع مسیح کا نور ان کی تصویر میں عیاں تھا۔
ادیسہ کی تصویر کا یہ واقعہ مسیحی دنیا میں بہت مقبول ہوا، دنیا کے مختلف چرچوں میں اس واقعے کی تصویر کشی کی گئی۔ مصر اس وقت تک مکمّل مسیحی تھا، وہاں کلیساؤں کے باقیات میں منظر کشی آج بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ صحرائے سینا کے چرچ میں ایک تصویر دیوار پر اب بھی موجود ہے جس میں بادشاہ ابگار کو دکھایا گیا ہے جب اس کے سامنے یسوع مسیح کی تصویر پیش کی گئی اور وہ بہت احترام سے تصویر کو چوم رہا ہے جو ایک کپڑے کے ٹکڑے پر منعکس ہے۔
اس کہانی میں ایک ٹوسٹ مزید آیا جب آگے چل کر اس میں یہ اضافہ ہوا کہ وفد جب یروشلم سے واپس آ رہا تھا تو راستے میں کسی جگہ اس وفد کو رکنا پڑا۔ چور اچکوں کے ڈر سے وفد کے افراد نے تصویر کو دیوار کے بیچ میں چھپا دیا۔ اگلے دن وہ روانہ ہو گئے لیکن اس علاقے کے باسیوں نے دیکھا کہ اس تصویر کی کاپی دیوار کی اینٹ پر منقوش ہو گئی ہے۔ اس کو حضرت یسوع مسیح کا ایک معجزہ سمجھا گیا۔
کہتے ہیں کہ ادیسہ پر جب ایرانی ساسانیوں کا قبضہ ہوا تو یہ تصویر قسطنطنیہ پہنچی جو اس وقت رومی سلطنت کا دارالحکومت تھا۔ شہنشاہ نے احترام کے ساتھ اس تصویر کا استقبال کیا۔ 1204 عیسوی میں جب صلیبی جنگیں شروع ہوئیں اور یورپیوں نے قسطنطنیہ کو فتح کیا تو یہ تصویر ناپید ہو گئی۔ اس کے بعد اس تصویر کا کچھ پتہ نہ چل سکا کہ کہاں ہے۔
ان تمام باتوں سے واضح ہوتا ہے کہ تصویر کی کہانی پانچویں صدی عیسوی میں گھڑی گئی۔ ایک عام خط سے الوہی تصویر تک کا سفر طے ہوا۔ یہ تصور کیا گیا کہ یسوع مسیح کی تصویر عام شخص بنا ہی نہیں سکتا۔ اس کہانی کے اختراع کی وجہ یہی بنی کہ ادیسہ میں مسیحی اقلیت میں تھے، ان کو اپنے مذہب کو سربلند رکھنے کیلئے اس کہانی کی ضرورت پیش آئی اور اس تصویر کے ذریعے انہوں نے اپنے مذہب کی حقانیت ثابت کرنے کی کوشش کی۔ نویں صدی عیسوی کے مصری عیسائی عالم ابو قرّہ نے عربی تصانیف میں اس تصویر کو مسیحیت کے حقانیت کے طور پر پیش کیا۔ تیرھویں صدی عیسوی کے عرب عیسائی عالم ابوالمکارم نے بھی اس تصویر کے معجزاتی اثرات کا ذکر کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کہانی جب آرمینیا اور جارجیا پہنچی تو اس میں مزید تبدیلیاں ہوئیں۔ آرمینیائی روایات کے مطابق یہ ادیسہ کا بادشاہ نہیں تھا بلکہ آرمینیا کا بادشاہ تھا جس نے یروشلم میں یسوع مسیح کو خط لکھا تھا۔ جارجیا والوں نے دعوی کیا کہ یہ تصویر ان کے ملک میں رہی ہے۔ یہ دونوں قفقاز کی عیسائی ریاستیں ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ مشرق وسطی اور قفقاز کی عیسائیت یورپ کی کیتھولک اور پروٹسٹنٹ عیسائیوں سے بہت مختلف ہے۔ ان کو نسطوری یا مشرقی آرتھوڈوکس عیسائی کہا جاتا ہے۔
تحقیق و تحریر: سید جواد حسین رضوی


کیا شطرنج کھیلنا حرام ہے

٭کیا شطرنج کھیلنا حرام ہے٭
اسلام کے بعض احکام ثابت ہیں اور بعض ایسے ہیں جن کی علّتیں ہیں اور یہ علّتیں زمان و مکان کے لحاظ سے عوض بھی ہوتی ہیں۔ جیسے نہج البلاغہ میں ہے کہ مولا علی علیہ السلام پر جب کسی نے اعتراض کیا کہ رسول ص نے تو داڑھی کو رنگنے کا حکم دیا تھا تاکہ یہود سے مشابہت نہ ہو لیکن آپ(ع) داڑھی نہیں رنگتے۔ تو اس پر مولا علی(ع) نے جواب دیا چونکہ رسول اللہ(ص) کے زمانے میں مسلمانوں کی تعداد کم تھی، اس لئے داڑھی کو رنگنے کا حکم ہوا (تاکہ لڑائی کے وقت دشمنوں پر ہیبت طاری ہو)۔ جبکہ اب مسلمان اکثریت میں ہیں لہذا اس کی ضرورت نہیں رہی۔ مولا علی ع داڑھی کو رنگتے نہیں تھے یعنی خضاب نہیں کرتے تھے۔
اس واقعے سے نتیجہ یہ اخذ ہوتا ہے کہ جن احکامات کی علتیں بیان ہوئی ہیں وہ زمان و مکان کے تابع ہیں۔ اگر وہ علتیں موجود ہیں تو ان کا حکم ہوگا، اگر موجود نہیں تو اس کا حکم برعکس ہوگا۔
ایک اور مثال پیش کرتا ہوں کہ آئمہ علیھم السلام نے سیاہ لباس کی سختی سے مذمت فرمائی بلکہ کئی جگہوں پر اس کو جہنمیوں کا لباس کہا گیا، اس کی وجہ یہ تھی کہ اس زمانے میں عباسیوں نے سیاہ رنگ کو اپنا شعار بنایا تھا، لہذا اہل جور و ستم سے شباہت کو روکنے کیلئے سیاہ لباس سے منع کیا کيا۔ لیکن آج یہ موضوع نہیں ہے، سیاہ لباس ہرگز اہل جور و ظلم کی نشانی نہیں، پس آجکل سیاہ لباس حرام نہیں۔
ایک اور مثال پیش کرتا ہوں کہ احادیث میں مسواک سے دانت صاف کرنے کا حکم آیا ہے، بعض قنوطیت پسند اس سنت کو ابھی بھی ڈنڈی میں مضمر سمجھتے ہیں، لیکن آج دانت صاف کرنے کے جدید طریقے رائج ہیں، پس جس طرح سے بھی دانت صاف کئے جائیں، سنت کے لئے کافی ہے۔ بالفاظ دیگر سنّت دانت صاف کرنا ہے، ڈنڈی استعمال کرنا نہیں ہے۔
اسی طرح اسلام کو کسی کھیل سے ذاتی طور پر دشمنی نہیں، جب تک اس کھیل میں کوئی خلاف شرع چیز نہ ہو۔۔۔ جیسے کہ وہ ریسلنگ جس میں عضو کے ٹوٹے جانے کا خطرہ ہو یا کسی اور کے اعضاء و جوارح کو نقصان پہنچانے کا باعث ہو تو حرام ہے۔ اسی طرح شطرنج سے ممانعت کی علت اس کے آلت قمار میں سے ہونا تھا، جب موضوع نہیں رہے گا تو اس کی ممانعت بھی نہیں رہے گی۔
احادیث میں شطرنج کی مذمت ہے، لیکن اس کیلئے ہمیں اس زمانے میں شطرنج کے کھیل کو دیکھنا ہوگا۔ شطرنج کو معصومین علیھم السلام کے دور میں جوا کھیلنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ چونکہ جوا حرام ہے اور اس میں شامل ہر آلے سے کھیلنا حرام ہے چاہے شرط لگائی جائے یا نہ لگائی جائے۔ آلات قمار سے کھیلنے کی ممانعت کی علت یہ ہے کہ جوے جیسے گناہ کبیرہ کا راستہ روکا جا سکے، اس وجہ سے شطرنج کی بھی شدید ممانعت آئی ہے۔
آجکل کے زمانے میں یہ موضوع نہیں ہے، کیونکہ شطرنج کہیں پر بھی جوے کیلئے استعمال نہیں ہوتا۔ جب موضوع نہیں تو حکم بھی منتفی ہو جاتا ہے۔ جیسے ہم نے مندرجہ بالا سطور میں اس بات کو واضح کیا۔ بلکہ شطرنج کو دماعی گیم کے طور پر لیا جاتا ہے، عالمی سطح پر اس کے مقابلے ہوتے ہیں۔ نیز دماغ کی بند گرہوں کو کھولنے اور ذہانت کو بڑھانے کیلئے شطرنج کا کھیل کھیلا جاتا ہے۔ لہذا آجکل نہ صرف اس کی قباحت ختم ہو گئی بلکہ اس میں مفید عناصر بھی پیدا ہو گئے ہیں۔
اس کے برعکس تاش کے پتوں سے اب جوا کھیلنا عام ہے لہذا اب تاش کے پتّے آلات قمار میں شمار ہو سکتے ہیں، حالانکہ معصومین ع کے ادوار میں تاش کے پتوں کا استعمال نہیں تھا، اس لئے ہمیں اس پر حدیث بھی نہیں ملتی، لیکن اصل علّت موجود ہے جس کو شارع نے ناپسند کیا ہے۔
اسی وجہ سے معاصر مراجع کی ایک تعداد شطرنج کو حرام نہیں سمجھتی، جیسے آیات عظام مکارم شیرازی و خامنہ ای و مرحوم لنکرانی۔ جبکہ آیت اللہ سیستانی اس کو روایات کی بنا پر حرام کہتے ہیں۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ
خاکسار: سید جواد حسین رضوی


خواتین کا جماعت میں نماز ادا کرنا

*خواتین کا جماعت میں نماز ادا کرنا *
سوال:کیا خواتین جماعت میں نماز ادا کر سکتی ہیں؟ احادیث و سیرت معصومین علیھم السلام کی روشنی میں جواب دیں۔
جواب: ہمیں سیرت معصومین(ع) میں متعدد مقامات پر خواتین کے بارے میں ملتا ہے کہ مساجد میں نماز پڑھنے آیا کرتی تھیں اور کبھی ان کو کسی معصوم نے نہیں روکا۔ سب سے اہم رسول اللہ(ص)کی سیرت ہے، آپ کے زمانے میں خواتین باقاعدہ جماعت میں شرکت کرتی تھیں اور کئی جگہوں پر ملتا ہے کہ یہ خواتین ان سے سوالات بھی کرتی تھیں۔ مسجد نبوی میں الگ سے دروازہ تھا جس کو "باب النساء" کہتے تھے جہاں خواتین کی آمد و رفت ہوتی تھی، یہ نام بذات خود اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین بلاروک ٹوک آیا کرتی تھیں۔
ہمیں مولا علی(ع) سے ایک حدیث ملتی ہے کہ آپ فرماتے ہیں؛ َ قَالَ عَلِيٌّ ع كُنَّ النِّسَاءُ يُصَلِّينَ مَعَ النَّبِيِّ ص وَ كُنَّ يُؤْمَرْنَ أَنْ لَا يَرْفَعْنَ رُءُوسَهُنَّ قَبْلَ الرِّجَالِ لِضِيقِ الْأُزُر
خواتین اپنی نمازوں کو رسول اللہ(ص) کے ساتھ پڑھا کرتی تھیں اور ان کو حکم تھا کہ مردوں سے پہلے سر نہ اٹھائیں کیونکہ مردوں کے کپڑے (ازار) جھوٹے ہوئے کرتے تھے۔ (قرب الاسناد؛ص18، من لا یحضرہ الفقیہ؛ ج1 ص396، وسائل الشیعہ؛ج8 ص343)
اس سے ملتی جلتی روایت علل الشرائع میں بھی موجود ہے۔
ہمیں یہ بھی ملتا ہے کہ جب رسول اللہ(ص) کو کسی نوزاد بچے کی رونے کی آواز آتی تھی تو نماز کو مختصر کر دیتے تھے تاکہ اس کی ماں کو اور بچے کو تکلیف نہ ہو۔
امام صادق(ع) اپنے والد سے نقل فرماتے ہیں؛ َ وَ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ ص يَسْمَعُ صَوْتَ الصَّبِيِّ يَبْكِي وَ هُوَ فِي الصَّلَاةِ فَيُخَفِّفُ الصَّلَاةَ فَتَصِيرُ إِلَيْهِ أُمُّه
یعنی جب رسول اللہ(ص) کسی بچے کی رونے کی آواز سنتے تھے تو نماز کو مختصر کر دیتے تھے تاکہ اس کی ماں پریشان نہ ہو۔ (علل الشرائع؛ج2 ص344، وسائل الشیعہ؛ ج8 ص341)
یہ سب اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ رسول اللہ(ص) کے دور میں خواتین باقاعدہ جماعت میں شرکت کرتی تھیں اور انہوں نے کبھی منع نہیں فرمایا۔ اس کے علاوہ تمام مومنین پر مسجد میں نماز پڑھنے کا استحباب بھی شامل ہے جن میں تمام مرد و عورت پر مسجد میں نماز پڑھنے کی تاکید ہے۔ مثلا؛
لْمَسْجِدُ بَیْتُ کُلِّ مُؤْمنٍ یعنی رسول اللہ(ص) نے فرمایا؛ مسجد ہر مومن کا گھر ہے، نیز فرمایا؛ إنّ الْمَساجِدَ بُیُوتُ الْمُتّقینَ یعنی مساجد متقین کے گھر ہیں (مستدرک الوسائل؛ ج3 ص359)
ہاں البتہ کچھ روایتوں میں ہمیں یہ بھی ملتا ہے کہ خواتین کے لئے بہترین یہ ہے کہ اپنے گھر پر پڑھے بلکہ گھر میں بھی سب سے چھپی ہوئی جگہ پر پڑھے۔
مثلا امام صادق(ع) فرماتے ہیں؛ خَیْرُ مَساجِدِ نِسائِکُمْ الْبُیوتُ یعنی خواتین کے لئے بہترین مساجد ان کے گھر ہیں (وسائل الشیعہ؛ ج5 ص236)
یہ دونوں اقسام کی روایتیں باہم معارض نظر آتی ہیں جبکہ ایسا ہے نہیں، دونوں کے درمیان ہم جمع کریں گے۔ یعنی اگر حجاب کی شرائط مکمل ہوں تو خواتین کے لئے مسجد میں نماز پڑھنا بہتر ہے اور اگر ایسا نہ ہو تو اپنے گھر پر پڑھنا ان کے لئے افضل ہوگا۔ مسجد جاتے ہوئے فساد کا خطرہ ہو تو افضل یہی ہے کہ گھر پر نماز پڑھی جائے۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ
خاکسار: سید جواد حسین رضوی


کیا امت محمدی ہو بہو سابقہ امتوں کی پیروی کرے گی

٭کیا امت محمدی ہو بہو سابقہ امتوں کی پیروی کرے گی٭
بعض احادیث میں ملتا ہے کہ امت محمدی اپنے افعال میں ہو بہو سابقہ امتوں کی پیروی کرے گی۔ اس کو ماننے کی صورت میں بہت سے اشکالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں سرفہرست مسئلہ تحریف قرآن ہے۔ جیسا کہ آج سب پر روشن ہیں کہ اہل کتاب کے ہاں جو کتب انبیاء سے منسوب رائج ہیں ان میں سے اکثر اوروں کی لکھی ہوئی کتابیں ہیں، جس پر انشاء اللہ کسی اور موقع پر تفصیل سے لکھیں گے۔ کم سے کم یہ بات تو سبھی مانتے ہیں کہ یہ کتب تحریف شدہ ہیں۔ لہذا جیسے یہ امتیں اپنی کتابوں میں تحریف کی مرتکب ہوئیں ویسے ہی امت محمدی بھی قرآن میں تحریف کر چکی ہے۔
آئیے ان روایات کو ذرا دیکھتے ہیں، کیا یہ قابل اعتبار ہیں؟
اس مضمون کی روایات شیعہ سنی کتب میں موجود ہیں، شیعہ متون میں بھی ہے لیکن یہ اہلسنت منابع سے ہمارے ہاں آیا ہے۔ شیخ صدوق غیاث بن ابراهیم سے، وہ امام جعفر صادق سے اور وہ اپنے جدِامجد سے روایت کرتے ہیں کہ حضورﷺ نے فرمایا:
ما کان فی الامم السالفه فانه یکون فی هذه الامّه مثله حذو النعل بالنعل والقذه بالقذه
یعنی جو کچھ گذشتہ امتوں کو درپیش آیا ہے،وہی کچھ اس امت کو بھی ہوبہو پیش آئے گا-
(کمال الدین و تمام النعمہ، ص576)
یہ روایات بعض اخباری جیسے صاحبِ فصل الخطاب میرزا حسین نوری طبرسی کےلئے موردِ توجہ بنا ہے، ان روایات سے استناد کا نتیجہ یہ ہے کہ چونکہ گذشتہ آسمانی کتب جیسے انجیل و تورات تحریف شدہ ہیں،پس قرآن بھی تحریف شدہ ہے۔
آیت الله العظمی ابوالقاسم خوئی قدس سرّه نے اپنی گرانقدر کتاب "البیان"میں اس روایت پر تنقید کی ہے۔ آپ لکھتے ہیں:
"سب سے پہلی بات تو یہ کہ یہ روایات خبرِ واحد ہیں لہٰذا مفیدِ علم و یقین نہیں ہیں اور ان کے تواتر کا دعوی نیز عبث ہے۔ ان روایات کا حدیث کے مشہور منابع جیسے کتبِ اربعہ میں بھی ذکر نہیں ہوا ہے۔ ثانیاََ اگر یہ روایتیں درست بھی ہوں تو یہ قرآن میں کمی کے علاوہ اضافے کا بھی اثبات کررہی ہیں کیونکہ تورات و انجیل میں اضافہ بھی ہوا ہے؛ حالانکہ قرآن کی آیات میں اضافہ ہونا غلط ہے اور کوئی بھی ایسا عقیدہ نہیں رکھتا (کیونکہ جو افراد تحریف کے قائل ہیں وہ کمی کو مانتے ہیں اضافے کو نہیں، راقم)
ثالثاََ بہت سے ایسے واقعات بھی گذشتہ امتوں میں ہوئے ہیں جو کہ اس امت میں پیش نہیں آئے۔ مثلاََ بنی اسرائیل کی گوسالہ پرستی اور ان کا بیابان میں چالیس سال سرگرداں رہنا، فرعون اور اس کے لشکر کا غرق ہونا، سلیمان کی جن و انس پر سلطنت، حضرت عیسی کا آسمان پر جانا، حضرت ہارون وصیِ موسی کا موسی(ع) کی زندگی میں وفات پاجانا، حضرت موسی کا نو معجزات دکھانا، حضرت عیسی کا بغیر باپ کے پیدا ہونا، گذشتہ امتوں کو مسخ کرکے بندر اور خنزیر بنانا۔"
علامہ سید مرتضی عسکری نے اپنی کتاب "خمسون مائة صحابی مختلق" میں ان روایات کو موضوع (مجعول) شمار کیا ہے۔ لہذا اس مضمون کی روایات درایت کے لحاظ سے درست نہیں ہیں اور ان کے موضوع (جعلی ہونے) کا احتمال قوی ہے، چنانچہ ان روایات کے ظاہر کو تسلیم نہیں کرنا چاھئے۔
والسّلام علیکم ورحمۃ اللہ
خاکسار: سید جواد حسین رضوی
نوٹ: یہ حصّہ موضوع (جعلی) احادیث پر مشتمل ہماری فارسی تحریر سے اقتباس ہے، اردو مترجم آقائے ناشناس کا بہت شکریہ۔


گرو ھرکرشن صاحب



٭گرو ھرکرشن صاحب٭
سکھوں کے آٹھویں گرو ھر کرشن صاحب، جو پانچ سال کی عمر میں گرو کے مقام پر فائز ہوئے، آٹھ سال کی عمر میں وفات پائی اور کمترین مدت کیلئے گرو رہے۔
ان کو "بال گرو" بھی کہا جاتا ہے یعنی "بچہ گرو"۔ ان کے والد اور ساتویں گرو ہر رائے نے وفات سے پہلے اپنے بڑے بیٹے رام رائے کے بجائے چھوٹے بیٹے ھرکرشن کو گرو کیلئے چنا، وجہ یہ بتائی کہ ھرکرشن دل سے بہت نرم ہیں جو ایک گرو کا خاصہ ہے۔
اتنی چھوٹی عمر میں گرو بننے پر غیر سکھوں نے اعتراضات شروع کر دیے۔ کہتے ہیں کہ ایک پنڈت نے ان کو چیلنج کیا کہ اتنا چھوٹا گرو کیسے بنا؟ اگر یہ صحیح گرو ہے تو بھگوت گیتا کا صحیح صحیح ترجمہ کر دکھائے، جو اس زمانے تک سنسکرت میں تھی۔ گرو نے قبول کیا اور اپنے ساتھ ایک ان پڑھ شخص گنگو کو لے گئے۔ کہتے ہیں کہ گرو نے مجمع میں گنگو کے سر پر چھڑی سے اشارہ کیا اور یہ ان پڑھ شخص بھگوت گینا سنا کر صحیح صحیح ترجمہ کر کے بتانے لگا۔ اس کرامت والی جگہ پر ایک عظیم الشان گرودوارہ بھی موجود ہے جس کو پنجوکھڑہ صاحب کہا جاتا ہے اور موجودہ ریاست ہریانہ کے شہر "انبالہ" کے قریب ہے۔
گرو جی دہلی میں مقیم ہوئے اور جب وہاں چیچک کی وبا پھیلی تو گرو نرم مزاجی کے باعث بیماروں کا علاج اور تیمارداری کرتے رہے، اس وجہ سے چیچک نے ان کو بھی جا لیا۔ لیکن سکھ دھرم کا عقیدہ ہے کہ گروجی انسانوں کی یہ تکلیف نہ دیکھ سکے اور اپنی جان خداوند عالم کے سپرد کر دی۔
دم واپسیں اپنے پیروکاروں کے سامنے جانشینی کا تعین کیا، نقاہت کی وجہ سے تین دفعہ ہاتھ اٹھا سکے اور کہا "بابا بکالہ"، یعنی ان کا جانشین بابا بکالہ نامی جگہ پر ہے۔ ان کے بعد گرو تیغ بہادر نویں گرو بنے۔
الاحقر: سید جواد حسین رضوی