٭کیا ابوذر(رض) کے غلام حون عیسائی تھے؟٭
سوال) کہا جاتا ہےکہ شہداء کربلا میں سیاہ فام غلام جون عیسائی تھے، کیا یہ بات صحیح ہے؟
جواب) حضرت جون (رضی اللہ عنہ) ایک سیاہ فام افریقی غلام تھے جن کو امیرالمؤمنین امام علی(ع) نے اپنے چچا زاد بھائی فضل بن عباس بن عبدالمطلب سے خریدا اور حضرت ابوذر غفاری(رض) کو ہدیہ کیا۔ جب جناب ابوذر(رض) کو حضرت عثمان بن عفان نے ربذہ جلاوطن کیا تو یہ غلام آپ کے ہمراہ تھا۔ ابوذر(رض) کی وفات کے بعد جون مولا علی(ع) کی خدمت میں رہے، ان کے بعد امام حسن(ع) کیاور پھر امام حسین(ع) کی۔ گویا انیس سال مسلسل براہ راست امامت کے زیر سایہ رہے۔
آپ جب میدان جنگ میں لڑنے گئے تو یہ رجز پڑھی؛
کَیْفَ یَریَ الْفجَّارُ ضَرْبَ الأَسْوَدِ • بِالْمُشْرِفِی الْقاطِعِ الْمُهَنَّدِ
گنہگار ایک کالے غلام کی ضربت کیسے دیکھیں گے، جو وہ ہندوستانی تلوار سے لگائے گا۔
بِالسَّیْفِ صَلْتاً عَنْ بَنی مُحَمَّدٍ • أَذُبُّ عَنْهُمْ بِاللِّسانِ وَالْیَدِ
أَرْجُو بِذاکَ الْفَوْزَ عِنْدَ الْمَوْرِدِمِنَ الالهِ الْواحِدِ الْمُوَحَّدِ
أَرْجُو بِذاکَ الْفَوْزَ عِنْدَ الْمَوْرِدِمِنَ الالهِ الْواحِدِ الْمُوَحَّدِ
تلوار، زبان اور ہاتھ سے آل محمد(ص) کا دفاع کروں گا۔ اور اس کے ذریعے خداوند واحد و یکتا کے نزدیک کامیابی کا خواہاں ہوں۔
کربلا میں جب حضرت جون کو ضربت لگی تو مولا حسین(ع) ان کے سرہانے گئے اور ان کی شہادت کے بعد ارشاد فرما؛
اللّهم بیّض وجهه و طیّب ریحه و احشره مع محمّد و آل محمّد
اللہ تعالی ان کے چہرے کو نورانی کرے، ان کی خوشبو کو معطّر کرے اور ان کو محمد و آل محمد(ص) کے ساتھ محشور کرے۔
یہ کہنا درست نہیں ہے کہ وہ عیسائی تھے، ممکن ہے کہ غلامی سے پہلے اپنی سرزمین میں عیسائی ہوں۔ امام علی(ع) و ابوذر سمیت جلیل القدر لوگوں کی تربیت میں رہنے کا بعد ان کا عیسائی رہنا ناممکنات میں سے ہے۔ جیسا کہ عرض کیا مسلمسل انیس سال آئمہ(ع) کے زیر تربیت رہے، لہذا ان کو عیسائی کہنا آئمہ(ع) کی تربیت پر سوالیہ نشان ہوگا۔ ان کے عیسائی ہونے کا ذکر ہم نے کسی بھی معتبر مقتل یا روایت میں نہیں دیکھا، پس ایسی کوئی بات ان سے منسوب کرنا اس جلیل القدر شہید کے ساتھ ناانصافی ہے۔
افسوس کی بات ہے دیگر تحریفات عاشورا کی طرح منبروں سے حضرت جون(رضی اللہ عنہ) کو عیسائی بنانے کا رواج عام ہے۔ اکثر ملنگ حضرات بھی استدلال کرتے نظر آتے ہیں کہ ایک عیسائی کو جنت ملی، جبکہ وہ نماز و روزہ نہیں پڑھتا ہوگا، تو عزاداروں کو مودت رکھنے یا فقط عزاداری کرنے پر جنت کیوں نہیں مل سکتی؟ اور شاید یہ ساری تحریف انہی کی طرف سے ہے تاکہ اسلام کے دیگر احکامات کو خفیف قرار دے سکیں۔
اللہ ہم سب کو صراط مستقیم کی طرف ہدایت کرے۔
والسّلام ۔۔۔۔۔ سید جواد حسین رضوی
نوٹ: مندرجہ بالا تحریر میں کسی بھی قسم کی تحریف کی اجازت نہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں